نئی دہلی۔28؍ دسمبر۔ ایم این این۔ ہندوستان 2036 میں اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے لیے اپنی دعوی پیش کرے گا۔ ستمبر 2023 میں ممبئی میں ہونے والے آئی او سی سیشن کے دوران بین الاقوامی اولمپک کمیٹ کے مکمل اراکین کے سامنے ایک روڈ میپ پیش کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے منگل کو ایک خاص بات چیت میں یہ اعلان کیا۔ ٹھاکر نے کہا کہ حکومت کھیلوں کی میزبانی کے لیے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کی بولی کی حمایت کرے گی اور گجرات کا احمد آباد ممکنہ طور پر ‘ میزبان شہر’ ہوگا جس میں عالمی معیار کے کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ دستیاب ہوگا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان نے پہلے 1982 کے ایشیائی کھیلوں اور 2010 کے دولت مشترکہ کھیلوں کی میزبانی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان اتنے بڑے پیمانے پر G20 صدارت کی میزبانی کر سکتا ہے، تو مجھے یقین ہے کہ حکومت عالمی اولمپک کمیٹی کے ساتھ ملک میں اولمپکس کی میزبانی کرنے کے قابل ہو جائے گی۔ ہم سب جانتے ہیں کہ سلاٹ 2032 تک بک کر لیے گئے ہیں۔ لیکن 2036 کے بعد، ہمیں امیدیں ہیں اور مجھے یقین ہے کہ بھارت اولمپکس کے لیے پوری طرح سے تیاری کرے گا اور اپنا دعوی پیش کرے گا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ہندوستان 2036 میں اولمپکس کی میزبانی کے لیے تیار ہے، ٹھاکر نے کہا: "ہاں، ہندوستان اس کے لیے مثبت بولی لگانے کے لیے تیار ہے۔ ہمارے لیے ‘ نہیں’ کہنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ اگر ہندوستان کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے اتنی کوششیں کر رہا ہے تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم نہ صرف اولمپکس کی میزبانی کریں گے بلکہ ہم اس کی بڑے پیمانے پر میزبانی بھی کریں گے۔ گیمز کی میزبانی کا یہ صحیح وقت ہے۔ اگر ہندوستان مینوفیکچرنگ سے لے کر خدمات تک ہر شعبے میں خبریں بنا رہا ہے تو کھیلوں میں کیوں نہیں؟ ہندوستان 2036 کے اولمپک کے لئے بولی لگانے پر بہت سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔ ٹھاکر نے کہا کہ حکومت آئی او سی کے اجلاس کے دوران پیش کیے جانے والے آئی او اے کے ساتھ مشاورت سے روڈ میپ تیار کرے گی۔ آئی او سی سیشن ہندوستان کے لیے ایک باوقار تقریب ہے اور آئی او اے کے ساتھ بولی لگانے کے لیے جو بھی اقدامات کرنے ہوں گے، حکومت ان کی حمایت کرے گی۔ اس کے لیے مشترکہ تیاری ہونی چاہیے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ گجرات نے کئی بار اولمپکس کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان کے پاس انفراسٹرکچر ہے ۔ہوٹل، ہاسٹل، ہوائی اڈےاور اسپورٹس کمپلیکس ہیں۔ ہم بولی کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں اولمپکس کی میزبانی کرنا ریاستی حکومت کے منشور کا بھی حصہ ہے۔













