گاندھی نگر، 28 اگست (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو کہا کہ حکومت بنیادی طور پر فورنسک سائنس کے چار ستونوں، فورنسک انفراسٹکرچر، فورنسک ماہر افرادی قوت، فورنسک ٹیکنالوجی اور فورنسک سائنس میں تحقیق پر توجہ مرکوز کرے گی تاکہ فارنسک سائنس کے شعبے کو مضبوط کیا جا سکے اور اس میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا جاسکے آج یہاں نیشنل فورنسک سائنس یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے اس کے کیمپس میں مختلف سہولیات کا بھی افتتاح کیا۔ پروگرام میں 21 ممالک کے 91 غیر ملکی طلباءسمیت 1132 طلباءکو ڈگریاں دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ جس رفتار سے گجرات فورنسک سائنس یونیورسٹی اور اب نیشنل فورنسک سائنس یونیورسٹی ہر لحاظ سے ترقی کر رہی ہے اور جس طرح پوری دنیا میں اس کی قبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، ایک دہائی کے اندر یہ یونیورسٹی دنیا میں اپنی نمبر ون پوزیشن کو یقینی بنالے گی۔مسٹر شاہ نے کہا کہ جو تین سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیے گئے ہیں ان سے طلبہ کے ساتھ ملک کے عدالتی نظام کو بھی تقویت ملے گی۔ یہ تینوں مراکز مطالعہ، تدریس، تربیت اور مشاورت کے ساتھ تحقیق اور ترقی کے بڑے مراکز بن جائیں گے اور ہندوستان فورنسک سائنس ریسرچ کے میدان میں دنیا کا ہب بنے گا۔یو این آئی