اپوزیشن اراکین کے واک آوٹ کی وجہ سے حکومت کےخلاف ایک بھی ووٹ نہیں پڑا
پٹنہ 24 اگست ( یواین آئی ) بہار میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی مہا گٹھ بندھن حکومت نے آج اسمبلی میں اعتماد کاووٹ حاصل کرلیا۔ نو تشکیل مہا گٹھ بندھن حکومت کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے بدھ کو طلب اسمبلی اجلاس میں نتیش حکومت کے حق میں 160 اراکین نے ووٹ کیا ۔ وہیں اپوزیشن اراکین کے واک آوٹ کی وجہ سے حکومت کےخلاف ایک بھی ووٹ نہیں پڑا۔ نتیش حکومت کوجنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) ، راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) ، کانگریس ، ہندوستانی عوام مورچہ ( ہم ) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( سی پی آئی ) مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی ( سی پی ایم ) ، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ ۔ لیننسٹ ( سی پی آئی ۔ ایم ایل ) اور ایک آزاد سمیت 164 اراکین کی حمایت حاصل ہے ۔ لیکن بیمار ہونے کی وجہ سے جے ڈی یو کے بجندر پرساد یادو اور بیماری بھارتی اور دیگر وجوہات سے سی پی آئی کے سوریہ کانت پاسوان اور ہم کے پرفل مانجھی آج ایوان میں حاضر نہیں ہوسکے ۔ ایسے میں نتیش حکومت کے حق میں 160 اراکین نے اعتماد کا اظہار کیا ، جس میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین ( اے آئی ایم آئی ایم ) کے اختر الا ایمان بھی شامل ہیں۔ایوان کی کاروائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر مہیشور ہزاری نے کی اس لئے وہ ووٹنگ میں شامل نہیںہوئے ۔