نئی دہلی/واشنگٹن، ۲۱/ اپریل (یو این آئی) ہندوستان اور امریکہ نے وزارتی سطح کے ٹو پلس ٹو مذاکرات میں فوجی تعاون کو مضبوط بنانے، اس کے دائرہ کار کو بڑھانے، دفاعی شعبے میں مشترکہ پیداوار، مزید مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لینے اور ہند-بحرالکاہل خطے کو آزاد اور شمولیاتی بنانے پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے پیر کی رات دیر گئے واشنگٹن میں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اور وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ چوتھی وزارتی سطح کی ٹو پلس ٹو بات چیت کی۔قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر جو بائیڈن نے ورچوئل چوٹی کانفرنس میں دو طرفہ اور بین الاقوامی اہمیت کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ٹو پلس ٹو مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے خلائی اور سائبر اسپیس اور بحرین میں کثیرالجہتی مشترکہ مشقوں میں ہندوستان کی شرکت کے بارے میں بھی بات کی۔بعد ازاں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دونوں فریقوں نے بحر ہند خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور بعض ممالک کی طرف سے دہشت گردی کو فروغ دینے کے معاملے پر بھی بات چیت کی۔میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی سازوسامان کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے اور امریکی کمپنیوں کو ہندوستان میں دفاعی اور ایرو اسپیس پروگراموں میں میک ان انڈیا پلان میں شرکت کے لیے بھی مدعو کیا گیا۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ انہوں نے امریکی کمپنیوں سے ، خاص طور پر اتر پردیش اور تمل ناڈو کی دفاعی راہداریوں میں شراکت داری کرنے کے لئے بھی کہا ہے۔ہندوستان اور امریکہ نے اس مدت کے دوران خلا سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے۔مسٹر آسٹن نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان ایک اہم دفاعی شراکت داری ہے اور دونوں ممالک نئے ابھرتے ہوئے دفاعی شعبوں کے ساتھ ساتھ خلا اور سائبر اسپیس میں تعاون کر رہے ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان تیسرے ٹو پلس ٹو مذاکرات 2020 میں ہوئے۔