نئی دہلی: ۲۱ اپریل (یو این آئی) گزشتہ چھ دنوں سے مسلسل پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد ملک کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے جس کی وجہ سے منگل کو بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ انڈین آئل کارپوریشن کے پرائس نوٹیفکیشن کے مطابق دہلی میں پٹرول 105.41 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 96.67 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ وہیں ممبئی میں پٹرول کی قیمت 120.51 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 104.77 روپے فی لیٹر پر برقرار ہے۔ چنئی میں پٹرول کے دام 110.85 روپے اور ڈیزل کی قیمت 100.94 روپے پر برقرار ہے۔ کولکتہ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بالترتیب 115.12 روپے اور 99.83 روپے ہے۔ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل کے قریب چل رہی ہیں۔ لندن برینٹ کروڈ آج 1.86 فیصد اضافے کے ساتھ 100.31 ڈالر فی بیرل پر اور امریکی کروڈ 2.02 فیصد اضافے کے ساتھ 96.19 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہاہے۔ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 137 دن کے استحکام کے بعد گزشتہ 22 مارچ سے اضافہ ہونا شروع ہو ا۔ گزشتہ 21 دنوں میں کمپنیوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 14 بار اضافہ کیا ہے۔ تب سے اب تک ان کی قیمتوں میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ منگل کو لگاتار چھٹا دن ہے جب قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس سے قبل یکم اپریل کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔