نئی دہلی: ۰۱/ اپریل (یو این آئی) ملک کی سرکردہ ایئر لائن انڈیگو مسافروں کو ان کی منزلوں تک پہنچا کر دنیا کی چھٹی سب سے بڑی ایئر لائن بن گئی ہے۔ مارچ 2022 کےلئے اواے جی فریکوئنسی اور کیپسٹی اسٹیٹسٹکس کی رپورٹ میں یہ معلومات دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق، 28 مارچ 2022 تک موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق انڈیگونے 20.2 لاکھ سے زیادہ مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچایا تھا، جو کہ ایشیا کی کسی بھی ایئر لائنس کیلئے سب سے زیادہ ہے۔اواے جی نے انڈیگوکو دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی ایئر لائن قرار دیا۔ جس میں مسافروں کو منزل تک پہنچانے میں 41.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اس سال 28 مارچ تک دستیاب اعداد و شمار کی بنیاد پر، کمپنی نے 20.1 لاکھ مسافروں کو منزل تک پہنچایا ہے۔ مسافروں کے لیے دستیاب سیٹوں کی تعداد کے لحاظ سے انڈیگودنیا کی دس سب سے بڑی ایئر لائنز میں بھی شامل ہے۔ انڈیگو کے کل وقتی ڈائریکٹر اور سی ای او رونوجائے دتا نے کہا، "دنیا کی بڑی ایئرلائنوں میں انڈیگوکا شامل ہونا خوشی کی بات ہے۔ہندوستان کے لیے یہ فخر کی بات ہے اور اس خطے میں وبائی امراض کے بعد ملک کا مضبوط بن کر ابھرنا ایک اچھی علامت ہے۔ ہم دنیا بھر میں کورونا پابندیوں میں نرمی کے باعث نئے روٹس پر سروس فراہم کرنے اور پروازوں کی تعداد بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انڈیگو نے اپریل میں ملک کے مختلف ہوائی اڈوں سے 150 سے زیادہ بین الاقوامی پروازوں کے شیڈول آپریشن کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے اپنے گھریلو نیٹ ورک میں کئی نئے روٹس پر سروس شروع کی ہے۔