یوٹی کے ایل جی نے مہلوکین کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا
لداخ کے نوبرا سب ڈویڑن میں گرنے والے زیر تعمیر پل کے ملبے تلے چار مزدور مردہ پائے گئے۔عہدیداروں نے بتایا کہ ضلع لیہہ کے گاو¿ں ڈسکیٹ کے قریب زیر تعمیر شاتسے ٹکنا پل کا ایک حصہ ہفتہ کی شام تقریباً 4 بجے تیز ہوا کی وجہ سے گر گیا، جس میں چھ مزدور پھنس گئے۔حکام نے بتایا کہ 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مشترکہ ریسکیو آپریشن کے بعد جائے وقوعہ سے چار افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں، جب کہ دو افراد کو زخمی حالت میں بچا کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔مرنے والوں کی شناخت جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے راج کمار اور ورندر، چھتیس گڑھ کے منجیت اور پنجاب کے لو کمار کے طور پر ہوئی ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ زخمی راجوری کے کوکی کمار اور چھتیس گڑھ کے راج کمار کا علاج چل رہا ہے۔لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھر نے ریسکیو آپریشن کی قریب سے نگرانی کی اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔واقعے کے فوراً بعد، فوج کی مقامی 102 بریگیڈ، بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے پروجیکٹ وجائک کے ساتھ ساتھ ایئر فورس اسٹیشن لیہہ کی آپریشنل مدد کے ساتھ ایک ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ لداخ کے ڈویڑنل کمشنر سوگت بسواس نے آپریشن میں شامل تمام ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کو بچائے گئے لوگوں کو لیہہ کے لیے ہوائی انخلاءکو متحرک کرنے کے لیے شامل کیا گیا ہے۔ماتھر نے کہا ہے کہ حادثے میں متاثرہ افراد بالخصوص پل کی تعمیر پر کام کرنے والے مزدوروں کی ہر طرح کی مدد کی جائے گی۔