ان نشستوں پر 14فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے
لکھنو¿(یواین آئی)اترپردیش میں 18ویں اسمبلی کی تشکیل کےلئے سات مراحل میں جاری اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی 55سیٹوں پر انتخابی تشہیری مہم اختتام پذیر ہوگئی۔ان سیٹوں پر 14فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔دوسرے مرحلے کی زیادہ تر سیٹیں مسلم اور دلت اکثریتی ہونے کی وجہ سے روہیل کھنڈ کا یہ علاقہ سماج وادی پارٹی(ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کا قلعہ کہا جارہا ہے ۔جن اضلاع کی 55سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے ان میں امروہہ، سہارنپور،بجنور، رامپور، سنبھل، مرادآباد، بریلی، بدایوں اور شاہجہاں پور شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن کے ذریعہ آٹھ جنوری کو انتخابات کے اعلان شدہ پروگرام کے مطابق دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے لئے 21جنوری کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ ان اضلاع کی 55سیٹوں پر کل 586امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ذات۔پات کی صف بندی کو ملحوظ رکھتے ہوئے سبھی پارٹیوں نے ہر سیٹ پر پھونک پھونک کر قدم رکھتے ہوئے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے ۔مسلم اکثریتی علاقے کو ذہن میں رکھتے ہوئے مختلف پارٹیوں نے 75سے زیادہ مسلم امیدوار اتارے ہیں۔ ان میں بی ایس پی کے سب سے زیادہ 25،ایس پی۔ آر ایل ڈی اتحاد کے 18،کانگریس نے 23مسلم امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے ۔ وہیں ایم آئی ایم کے 15مسلم چہروں نے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا ہے ۔












