نئی دہلی، 28 دسمبر (یو این آئی) کانگریس صدر سونیا گاندھی نے حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آمرانہ طریقے پر چل کر تاریخ کو جھٹلا رہی ہے اور لوگوں کو ڈرا کر گنگا جمنی تہذیب کو تباہ کیا جا رہا ہے ۔ محترمہ گاندھی نے یہاں کانگریس کے 136 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کارکنوں سے کہا کہ ملک کی مضبوط بنیاد کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور تاریخ کو جھوٹا بنا کر ہماری وراثت گنگا جمنا ثقافت کو تباہ کرنے کی ناپاک کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کا عام شہری غیر محفوظ اور خوف محسوس کررہا ہے کیونکہ جمہوریت اور آئین کو درکنار کرکے صرف آمریت چل رہی ہے ۔ان حالات میں کانگریس خاموش نہیں رہے گی اور وراثت کو تباہ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دے گی۔ کانگریس صدر نے کہا کہ عام لوگ اور جمہوریت کی حفاظت کے لئے ملک مخالفت اور سماج مخالف سازشوں کے خلاف کانگریس جدوجہد کرے گی اور ہر قربانی دے گی۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی اس موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا،“ہم کانگریس ہیں- وہ پارٹی جس نے ہمارے ملک میں جمہوریت قائم کی اور ہمیں اس وراثت پر فخر ہے ۔کانگریس کے یوم تاسیس کی مبارکباد۔”