مرادآباد،/ اتر پردیش کے مراد آباد کے کانٹھ علاقہ میں ہریدوار شاہراہ پر اتوار کے روز علی الصبح پیش آئے سڑک حادثہ میں دہرادون کے رہنے والے ایک ہی خاندان کی تین خواتین سمیت چار لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) سندیپ کمار مینا نے بتایا کہ سڑک حادثہ اتوار کی صبح تقریباً 4 بجے ہریدوار ہائی وے پر کانٹھ تھانہ علاقہ کے رسول پور میں واقع ریلوے پھاٹک کے قریب اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے اسکارپیو بے قابوہوکر سڑک کے کنارے کھڑے کھمبے سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے وقت کار کی رفتار زیادہ بتائی جارہی ہے جس کی وجہ سے کار میں سوار چھ میں سے چار کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ حادثے کے وقت کار چلا رہے اتل رستوگی اور ان کی چھوٹی بہن مانوی رستوگی کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ جوائنٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔مرنے والوں میں آرتی رستوگی، یش رستوگی، اشیکا رستوگی اور سنگیتا رستوگی شامل ہیں جبکہ اتل رستوگی اور مانوی رستوگی کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ جوائنٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔