نئی دہلی/دہلی وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے منگلکے روز کیشو پور سبزی منڈی، شہباز ڈیری، گووند پوری اور کالکاجی مارکیٹ میں پانچ محلہ کلینک کا افتتاح کیا۔ محلہ کلینک کی تعداد اب بڑھ کر 533 ہو گئی ہے جہاں ہر طرح کا علاج مفت ہے ۔ آنے والے دنوں میں کیشو پور منڈی کی طرح غازی پور، مرغا منڈی اور اوکھلا منڈی میں بھی محلہ کلینک کھولے جائیں گے ۔ محلہ کلینک کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ ان لوگوں نے دہلی کے لوگوں کے خلاف بڑی سازشیں کیں اور دہلی والوں کے کام کو روکنے کی کوشش کی، لیکن میں تمام دہلی والوں کو یقین دلاتا ہوں کہ میں کوئی کام نہیں رکنے دوں گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی کے لوگوں کو محلہ کلینک سے کافی فائدہ مل رہا ہے ۔ گزشتہ ایک سال میں تمام محلہ کلینکوں میں دو کروڑ سے زیادہ لوگ علاج کرا چکے ہیں۔ اچھا علاج ہو رہا ہے ، اسی لیے بڑے پرائیویٹ اسپتالوں میں جانے والے امیر لوگ اب محلہ کلینک میں علاج کروا رہے ہیں۔ مسٹر کیجریوال نے کہا کہ پنجاب میں عام آادمی پارٹی ( آپ ) کی حکومت نے صرف ڈیڑھ سال میں 660 محلہ کلینک کھولے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کے کئی حصوں میں محلہ کلینک کھل رہے ہیں۔ اس موقع پر ایم ایل اے جرنیل سنگھ، ماحولیات اور ترقی کے وزیر گوپال رائے اور وزیر صحت سوربھ بھاردواج موجود تھے ۔