عمل آوری ایجنسیوں کوکام میں تیزی لانے کی ہدایت
صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری نے پی ایم پیکیج ملازمین کے لئے ٹرانزٹ رہائش کی تعمیر میں تیزی لانے کے لئے آج ایک میٹنگ منعقدکی جس میں مختلف اَضلاع میں فلیٹوں کی تعمیر میں عمل آوری ایجنسیوں کی طرف سے حاصل کی گئی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنروں ، ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن کمشنر ، چیف اِنجینئر کے پی ڈی سی ایل ، آر اینڈ بی ، پی ایچ اِی اور جے کے پی سی سی کے اَفسروں نے شرکت کی۔صوبائی کمشنر نے ضلع وار پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ستمبر 2023ءکے آخیرتک 472اِضافی فلیٹ حوالے کرنے کے تیار ہوجائیں۔تقریباً 6,000 فلیٹ تعمیر کئے جانے ہیں جن میں سے 650فلیٹ پہلے ہی حوالے کئے جاچکے ہیں۔صوبائی کمشنر کشمیر نے ضلع اِنتظامیہ سری نگر اور عمل آوری ایجنسی کے متعلقہ اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ زیون میں 240فلیٹ پر مشتمل 10بلاکوں کی تعمیر کے لئے پوری مشینری کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹائم لائن پر سختی سے عمل کریں تاکہ یہ فلیٹ نومبر کے آخیر تک حوالے کرنے کے لئے تیار ہوجائیں۔اِس کے علاوہ آر اینڈ بی کو کولگام میں تقریباً 383فلیٹ کی تعمیر جون 2024ءتک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ جے کے پی سی سی کو کولگام میں دسمبر 2023ءتک 96فلیٹ مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔مزید برآں،پی ایچ اِی اور کے پی ڈی سی یل سمیت لائن ڈیپارٹمنٹوں کے اَفسروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ پہلے سے مکمل شدہ ٹرانزٹ رہائشی بلاکوں میں پانی اور بجلی بحال کریں۔صوبائی کمشنر کشمیر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ پیش رفت کی نگرانی کے لئے نوڈل اَفسران کا تقرر کریںاور پیش رفت سے آگاہ کرنے کے لئے ہفتہ وار جائزہ لیں۔ اُنہوں نے ان سے پی ایم پیکیج ملازمین کے مسائل حل کرنے کو بھی کہا۔