نئی دہلی/ شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے ) نے آج صبح دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وستارا ایئر لائن کے دو طیاروں کو ایک ہی وقت میں اترنے اور ٹیک آف کرنے کی اجازت دینے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے حکم کے ساتھ ہی ایئر ٹریفک کنٹرول آفیسر (اے ٹی سی او) کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ ایک ہی وقت میں دو طیاروں کو ٹیک آف اور لینڈ کرنے کی اجازت ملنے پر حادثے کا خدشہ تھا۔ دہلی سے باگڈوگرا جانے والی وستارا کی فلائٹ یو کے 725 کو آج صبح 8 بجے کے قریب اڑان بھرنے کی اجازت دی گئی، جبکہ احمد آباد سے آنے والی وستارا کی فلائٹ یو کے 969 کو اترنے کی اجازت دی جاچکی تھی۔ اگر چند لمحوں کا فرق ہوتا تو دونوں طیاروں کے ٹکرانے کا خطرہ تھا۔ ایک اہلکار کے مطابق جیسے ہی یہ معلوم ہوا، باگڈوگرا جانے والے طیارے کو پرواز کو معطل کرنے کی ہدایت دی گئی اور طیارے کو فوری طور پر رنوے سے پارکنگ میں لایا گیا۔