نئی دہلی، 23 اگست (یو این آئی) ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے بدھ کو الیکشن کمیشن کے ‘نیشنل آئیکون’ کے طور پر ووٹروں کو واقف اور بیدار کرنے کے لیے ایک نئی اننگز کا آغاز کیا۔الیکشن کمیشن نے لیجنڈری کرکٹر اور بھارت رتن تندولکر کے ساتھ تین سالہ ایک معاہدہ ( ایم او یو )پر دستخط کئے ۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر انوپ چندرا اور ارون گوئل موجود تھے ۔ یہاں منعقدہ ایک پروگرام میں تندولکر نے کہا کہ ہندوستان جیسی متحرک جمہوریت میں نوجوانوں کی آبادی قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیمز میں ہندوستانی ٹیم کے لیے جو دل ‘انڈیا انڈیا’ کے نعرے سے دھڑکتے ہیں، وہ بھی ہماری قیمتی جمہوریت کو آگے لے جانے کے لیے اسی طرح دھڑکیں گے ۔ سچن نے کہا کہ اسٹیڈیموں کے ہجوم سے لے کر پولنگ بوتھ پر بھیڑ جمع کرنے تک قومی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہونے سے لے کر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے وقت نکالنے تک ہم جوش اور جذبے کو برقرار رکھیں گے ۔ جب ملک کے کونے کونے سے نوجوان انتخابی جمہوریت میں بڑی تعداد میں حصہ لیں گے تو ہم اپنے ملک کا ایک خوشحال مستقبل دیکھیں گے ۔ یہ تعاون نوجوانوں کی آبادی کے ساتھ تندولکر کے منفرد اثر و رسوخ سے فائدہ اٹھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے تاکہ ووٹر کی شرکت میں اضافہ ہو، خاص طور پر سال 2024 میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات کے دوران لوگوں کو بیدار کرنے کے لئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔ اس اشتراک کے ذریعے الیکشن کمیشن کا مقصد شہریوں، خاص طور پر نوجوانوں اور شہری آبادی کو انتخابی عمل کے قریب لانا ہے ۔