شاہ شجرکاری مہم میں چار کروڑ پودا لگائیں گے: وزیر داخلہ
نئی دہلی/ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعہ کو گریٹر نوئیڈا میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کیمپس میں چار کروڑواں پودا لگائیں گے ۔ وزیر داخلہ فورس کے 8 مختلف کیمپس میں 15 نئی تعمیر شدہ عمارتوں اور ڈھانچے کا بھی افتتاح کریں گے ۔ انہوں نے 12 جولائی 2020 کو اس بڑی اور منفرد درخت لگانے کی مہم کا آغاز کیا تھا۔ سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز نے 2020 سے 2022 تک صرف تین سال کے مختصر عرصے میں پورے ملک میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 55 لاکھ سے زیادہ پودے لگائے ہیں۔ سنٹرل پولیس فورسز کے لیے اس سال مجموعی طور پر 1.5 کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس سے اس مہم کے تحت لگائے گئے پودوں کی کل تعداد 5 کروڑ ہو جائے گی، جو ماحولیاتی تحفظ کے لیے پوری قوم کی کوششوں میں پولیس فورسز کی مثالی شراکت کی عکاسی کرتی ہے ۔ یہ دھرتی ماتا کے تئیں ان کی حقیقی شکر گزاری کی علامت کے طور پر بھی ابھرے گی۔ شجرکاری مہم کے تحت آب و ہوا کے مطابق لگائے جانے والے پودوں کی تعداد اور اقسام کا اندازہ لگایا گیا ہے اور اس کے لیے نوڈل افسروں کی تقرری کی گئی ہے ۔ اس کے ساتھ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ لگائے جانے والے پودے جہاں تک ممکن ہو دیسی نسل کے ہونے چاہئیں اور کم از کم پچاس فیصد پودے لمبی عمر کے یعنی 100 سال سے زیادہ کے ہوں۔ پودوں کی انواع کے انتخاب میں اس بات کو بھی مدنظر رکھا گیا کہ وہ ماحولیات کے نقطہ نظر سے صحت مند اور فائدہ مند ہوں۔ سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز ملک کی داخلی سلامتی، اتحاد اور قوم کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کی کارروائیوں میں ماحولیات کے دفاع اور تحفظ کو شامل کرنے کے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کرتی ہے ۔