نئی دہلی۔30؍ جولائی۔ ایم این این۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو اعلان کیا کہ یوم آزادی کے موقع پر ملک کے شہید بہادروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ‘میری مٹی میرا دیش’ مہم شروع کی جائے گی۔اپنے ماہانہ من کی بات ریڈیو نشریات میں، پی ایم مودی نے کہا کہ ‘ امرت مہوتسو’ ہر طرف گونج رہا ہے اور 15 اگست کے قریب، ملک میں ایک بڑی مہم شروع کی جا رہی ہے ‘میری مٹی میرا دیش’ ۔انہوں نے کہا کہ یہ مہم بہادروں کے اعزاز کے لیے شروع کی جائے گی اور ملک کے لیے اپنی جانیں دینے والوں کی یاد میں پورے ہندوستان میں پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔پی ایم مودی نے کہا کہ ان شخصیات کی یاد میں ملک کے لاکھوں گاؤں پنچایتوں میں خصوصی تحریریں لگائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران ایک ‘ امرت کلشیاترا’ بھی نکالی جائے گی۔یہ امرت کلش یاترا، گائوں اور ملک کے مختلف کونوں سے 7500 کلشوں میں مٹی لے کر دہلی پہنچے گی۔ یہ یاترا ملک کے مختلف حصوں سے پودے بھی لے کر جائے گی۔ 7500 کلشوں سے مٹی اور پودے آئے گا، ایک ‘امرت واٹیکا’ نیشنل وار میموریل کے قریب بنایا جائے گا۔