دھنتیرس کی فروخت کیلئے جوش و خروش، زیورات کے تاجروں کی بھرپور تیاری
نئی دہلی، 22 اکتوبر (یو این آئی) ملک میں دھنتیرس کے موقع پردودنوں میں تقریباً 40 ہزار کروڑ روپے کا خوردہ کاروبار ہونے کا اندازہ ہے ، جس میں ہفتہ کو 15 ہزارکروڑ روپے اوراتوار کو 25 ہزارکروڑ روپے کا کاروبارہوسکتا ہے ۔کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (سی اے آئی ٹی) کے قومی صدر بی سی بھارتیہ اور قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال نے کہا کہ دھنتیرس کے دن نئی اشیاءخریدنا مبارک سمجھا جاتا ہے ، جس میں اس دن سونے اور چاندی کے زیورات اور دیگر اشیاءجیسے گاڑیاں، انجینئرنگ کا سامان اور فرنیچر کی شدید مانگ رہتی ہے ۔ آل انڈیا جیولرس اینڈ گولڈ اسمتھ فیڈریشن کے قومی صدر پنکج اروڑہ نے کہا کہ ملک بھر کے زیورات کے تاجروں میں دھنتیرس کی فروخت کو لے کر زبردست جوش و خروش ہے جس کیلئے زیورات کے تاجروں نے بھرپور تیاری کی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سال بازاروں میں مصنوعی زیورات کی بھی کافی مانگ نظر آرہی ہے ، وہیں سونے اور چاندی کے سکے ، نوٹ اور مورتیاں بھی دھنتیرس پر بڑی مقدار میں خریدے جانے کا امکان ہے ۔