تجارت اورصنعت کے وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ بھارت کا مطلب مواقع ہے۔ یہ نہ صرف بھارت کی دہائی ہے‘ بلکہ یہ بھارت کی صدی ہے۔اطلاعات کے مطابق وزیر موصوف نے کہا کہ جب بھارت اپنی آزادی کی 100 ویں سالگرہ منائے گا‘ اس وقت بھارت کی معیشت 30 کھرب امریکی ڈالر کی ہوگی۔ گوئل سان فرانسسکو میں آج Stanford گریجویٹ اسکول آف بزنس کے طلباءاور اساتذہ سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ چند برس اقتصادی ترقی میں تیز رفتار تبدیلی‘ نظام میں بہتری‘ ٹیکنالوجی کے ساتھ وابستگی اور دنیا کے بہترین طور طریقوں کو سیکھنے میں صرف کئے ہیں۔ جناب گوئل نے بھارت کے مستقبل کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کے واضح نظریہ اور منصوبے کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے پائیداری کو یقینی بنانے کیلئے توانائی کے تحفظ میں LED روشنی انقلاب کی مثال پیش کی۔ جناب گوئل بھارت-امریکہ اسٹریٹجک شراکت داری فورم کی کانفرنس اور بھارت بحرالکاہل اقتصادی فریم ورک وزارتی میٹنگ میں شرکت کرنے کیلئے اس مہینے کی پانچ سے 10 تاریخ تک امریکہ کے دورے پر ہیں۔