راجناتھ سنگھ نے ہندوستانی تعاون سے قائم سائبر سیکورٹی ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا
نئی دہلی، 6 ستمبر (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ منگولیا کے دورے کے دوران منگل کو دارالحکومت اولانبتار میں اپنے ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل ایس گیرسڈ کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی اور منگولیا کے صدر سے بھی ملاقات کی۔ مسٹر سنگھ نے ہندوستانی تعاون سے قائم سائبر سیکورٹی ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا اور انڈو۔ منگولیا فرینڈشپ اسکول کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ راجناتھ سنگھ منگولیا کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر دفاع ہیں۔ دونوں فریقین کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد دونوں وزرائے دفاع نے دو طرفہ بات چیت کی۔ انہوں نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے دفاع نے باہمی اعتماد، افہام و تفہیم، مشترکہ مفادات اور مشترکہ جمہوری اقدار پر مبنی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں نے ہندوستان-منگولیا مشترکہ ورکنگ گروپ کو مکمل طور پر دوبارہ فعال کرنے کا عزم بھی کیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ گروپ کی میٹنگ اس سال کے آخر میں ہندوستان میں ہوگی۔