جموں صوبہ کے کئی وفود نے پیر کو سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد سے جموں میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔قبل ازیں،گزشتہ ماہ کانگریس سے استعفیٰ دینے کے بعد اتوار کو جب آزاد دہلی سے جموں آئے تو ان کے حامیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اسی دوران آزاد نے اپنی نئی پارٹی بنانے کا اعلان بھی کر دیا۔آزاد کے قریبی ساتھی نے بتایا کہ خطہ پیرپنجال اور چناب کے لوگوں پر مشتمل کئی وفود نے جموں میں آزاد کی گاندھی نگر کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔اتوار کو دہلی سے واپسی کے بعد اپنے پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آزاد نے کہا تھا کہ وہ ڈوڈہ، کشتواڑ اور کشمیر کا دورہ کرنے سے قبل خطہ کے مختلف حصوں سے آنے والے وفود سے ملاقات کے لیے جموں میں چار دن قیام کر یں گے۔بات چیت کا عمل آج صبح مختلف وفود کے ساتھ آزاد کا دورہ کرنے اور ان کی حمایت کے ساتھ شروع ہوا۔ بات چیت کا عمل بدھ تک جاری رہے گا۔یاد رہے کہ73سالہ غلام نبی آزاد نے 26اگست کو کانگریس کے ساتھ اپنی پانچ دہائیوں پرانی وابستگی کو ختم کر دیا اور پارٹی کو “مکمل طور پر تباہ” قرار دیا۔ انہوں نے راہول گاندھی پر پارٹی کے پورے مشاورتی طریقہ کار کو “منہدم” کرنے کا بھی الزام لگایا۔عوامی اجلاس کے دوران، آزاد نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں اور رہنماوں سے مشاورت کے بعد اپنی نئی پارٹی کے نام کا اعلان کریں گے۔اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا تھا ، “ا±ن کی پارٹی کا نام نہ تو مولانا کی اردو میں ہوگا اور نہ ہی پنڈت کی سنسکرت میں”۔تاہم، انہوں نے اپنی نئی پارٹی کے ایجنڈے کو واضح کر دیا۔