راشی افسران کے خلاف کارروائی جاری
انسداد رشوت بیور نے سب ڈویژن گریز ضلع بانڈی پورہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ایگزکیٹیو انجینئر پی ڈبلیو ڈی کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ اے سی بی نے فاروق احمد ڈار، ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)، اسپیشل سب ڈویڑن گریز، بانڈی پورہ کو شکایت کنندہ سے 15,000 روپے کی رشوت طلب کرنے اور قبول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ نے تحریری طور پر شکایت کی تھی کہ ان کے والد اور وہ مشترکہ طور پر ٹھیکداری کا کام کرتے ہیں اور انہیں ایک گورنمنٹ پرائمری سکول کےلئے عمارت کےلئے ٹھیکہ دیا گیا تھا ۔ اور کام مکمل کرنے کے بعد کچھ محکمہ کی طرف کچھ رقم جاری کیا گیا جبکہ بقیہ ادائیگی التوا میں تھی جس کی واگزاری کےلئے ایگزکیٹیو انجینئر موصوف نے 15ہزار روپے بطور کمیشن طلب کیا ۔ اس تحریری شکایت کے بعد بیور نے ایک ٹیم تشکیل دی اور ایگزکیٹیو انجینئر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت پولیس سٹیشن اے سی بی بارہمولہ میں کیس درج کرلیا گیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ آزاد گواہوں کے سامنے مذکورہ راشی افسر کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔