جنگلات میںممکنہ طور پر موجودہ جنگجوﺅں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے آپریشن جاری / فوج
فوج نے لائن آف کنٹرول پر کپواڑہ کے اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے تین ملی ٹنٹوںکو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ دفاعی ترجمان نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگلات میںممکنہ طور پر موجودہ جنگجوﺅں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے ۔ اس ضمن میں نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر کپواڑہ کے کملا کوٹ سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنایا ۔ سرینگر میں مقیم ترجمان نے بتایا کہ رات کے وقت کملا کوٹ سیکٹر میں ایل او سی پر دراندازی کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چوکس فوجیوں نے اس کوشش کو مناسب طریقے سے ناکام بنا دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جنگجوﺅں کی جانب سے کوشش کے بعد سیکورٹی فورسز نے انہیں للکارا اور واپس جانے کو کہا تاہم عسکریت پسندوں نے فائرنگ کی ۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں کچھ وقت تک جھڑپ جاری رہی جس دوران تین درانداز ہلاک ہو گئے ۔ دفاعی ترجمان کے مطابق تینوں کی نعشیں ہتھیاروں سمیت گرفتار کر لی گئی ہے ۔ ادھر کشمیر پولیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ فوج اور بارہمولہ پولیس نے اوڑی کے کمل کوٹ سیکٹر میں مدیان نانک پوسٹ کے قریب تین غیر ملکی دراندازوں کو ہلاک کر دیا۔ جائے وقوعہ سے لاشوں کے ساتھ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر تعینات بھارتی فوج نے دراندازی کی دو بڑی کوششوں کو ناکام بنایا ہے۔ فوج نے ان کارروائیوں میں دو دراندازوں کو مار گرانے اور ایک درانداز کو زندہ پکڑنے کا دعوی کیا ہے۔