آزاد ی کی 75ویں سالگرہ پر ہر گھر ترنگا مہم،امیت شاہ نے گھر پر ترنگا لہرایا
کشمیر سے کنیا کماری تک ایک ساتھ ترنگا لہرائے ، میرا خواب پورا ہوا ۔و زیر داخلہ
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو اپنی رہائش گاہ پر قومی پرچم لہرایا۔ مرکزی حکومت آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت یوم آزادی کو خصوصی بنانے کے لیے ‘ہر گھر ترنگا’ مہم چلا رہی ہے۔ یہ مہم 13 اگست یعنی آج سے شروع ہو کر 15 اگست تک جاری رہے گی۔آج اس موقع پر انہوں نے مجاہدین آزادی اور پرچم کو خراج عقیدت پیش کیا۔مرکزی وزیر نے ٹویٹ کیاکہ ”ترنگا ہمارا فخر ہے۔ یہ تمام ہندوستانیوں کو متحد اور متاثر کرتا ہے۔” انہوں نے اہل وطن پر زور دیا کہ وہ 13 سے 15 اگست تک اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرائیں۔وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہمارا یہ خواب آج پورا ہوا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک ایک ساتھ ترنگا لہرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیر میں ہر گھر اور ہر نوجوان کے ہاتھ میں ترنگا دکھائی دے رہا ہے جبکہ تین برس قبل ان ہی نوجوانوںکے ہاتھوں میں پتھر ہوا کرتے تھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہم وطنوں سے اپیل کی ہے کہ 13 سے 15 اگست تک آزادی کے اس امرت مہوتسو پر تمام ہم وطن اپنے گھروں پر ترنگا لہرائیں۔ہندوستان آزادی کی 75ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ 15 اگست یعنی یوم آزادی پر پورے ملک میں جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ ’ہر گھر ترنگا‘ مہم آج سے شروع ہو گئی ہے۔