جموں کشمیر پولیس کے سربراہ نے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی
جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے آج پی سی آر کشمیر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں آنے والے یوم آزادی اور 10ویں محرم الحرام کی تقریبات کے حوالے سے مجموعی سیکورٹی صورتحال اور انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ اس میٹنگ میں اے ڈی جی سی آر پی ایف، جموں و کشمیر دلجیت سنگھ چودھری، ڈی جی پی سی آئی ڈی، جموں و کشمیر آر آر سوین، آئی جی سی آر پی ایف کشمیر، مانویندر سنگھ بھاٹیہ، اے ڈی جی پی کشمیر زون، وجے کمار، آئی جی بی ایس ایف ایف ٹی آر، ہیڈکوارٹرز کشمیرکے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں ڈی جی پی نے محرم الحرام کے یوم آشورہ 10محرم اور یوم آزادی 15اگست کی تقریبات سے متعلق جموں کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹروں میں امن و سلامتی اور قانون کےلئے حفاظتی انتظامات اور اضافی نفری کے منصوبے کے بارے میں افسران سے رپورٹ طلب کیں۔ ڈی جی پی نے ان کاموں کو بخوبی انجام دینے کے لیے کیے جانے والے تمام انتظامات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا اور تمام ضروری انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے آزادی کی تقریبات کو احسن طریقے سے انجام دینے کےلئے درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں قومی مہم ہر گھر ترنگا پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔