اہم سرکاری تنصیبات اور صنعتی اداروں کی حفاظت پر تبادلہ خیال
مرکزی صنعتی سیکورٹی فورس CISFکے ڈائریکٹر جنرل شیل وردھن سنگھ نے منگل کویہاں راج بھون میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔ لیفٹنٹ گورنر اور ڈی جی سی آئی ایس ایف نے اہم سرکاری تنصیبات اور صنعتی اداروں میں حفاظتی انتظامات سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران لیفٹنٹ گورنر نے لوگوں کی خدمت کرتے ہوئے اہم اداروں کو محفوظ رکھنے میں سی آئی ایس ایف اہلکاروں کی قابل ستائش کوششوں کی تعریف کی۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ڈی جی اور سی آئی ایس ایف اہلکاروں کو تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے اور قوم کی خدمت کے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔














