بچے کو مارنے کی اجازت نہیں دینگے، دہلی ہائی کورٹ کا اہم فیصلہ
نئی دہلی، ۵۱جولائی (یو این آئی) دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو ایک غیر شادی شدہ حاملہ خاتون کو 23 ہفتے کے جنین کا اسقاط حمل کرنے کی اجازت نہیں دی۔ خاتون درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کے روبرو دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خاتون غیر شادی شدہ ہے اور وہ شدید ذہنی اذیت سے گزر رہی ہے ، اسلئے وہ بچہ پیدا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر شادی شدہ خواتین کے اسقاط حمل سے متعلق قانون امتیازی ہے ۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس سبرامنیم پرساد نے سماعت کے بعد کہا، کہ ہم آپ کو اس بچے کو مارنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ ہمیں بہت افسوس ہے ۔یہ حقیقی طور پر جنین قتل کے مترادف ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ لڑکی کو کہیں محفوظ رکھا جائے اور وہ ڈلیوری کر سکے ۔ بچے کو گود لینے کیلئے لوگوں کی بڑی قطار لگی ہوئی ہے ۔ ٬ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کو ڈیلیوری تک محفوظ جگہ پر رکھا جائے ، بعد میں بچہ گود لیا جا سکتا ہے ۔