اسلام آباد، ۳۱جولائی (یو این آئی) پاکستان میں موسلادھار بارش اور سیلاب کی دوہری مار نے لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے ۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں اس قدرتی آفات کی زد میں آنے سے کم از کم 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہاں کے کئی دیہات زیر آب آگئے ہیں، بجلی کی سپلائی میں خلل پڑا ہے ، فصلیں تباہ ہوگئی ہیں، انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے اور کئی جگہوں سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہے ۔ ڈان اخبار نے یہ اطلاع دی ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں شدید بارش کے ایک اور دور کے خطرے سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات کی باریکی سے نگرانی کرنے کو کہاہے ۔کراچی میں پولیس اور ریسکیو حکام نے شدید بارشوں کے باعث کم از کم 10 ہلاکتوں کی اطلاع دی۔ اس کے علاوہ یہاں کئی علاقوں میں بجلی غائب ہے اور کئی علاقے تاحال زیر آب ہیں۔