بارہمولہ حادثے میں ایک خاتون آٹو رکشا کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گئی جبکہ رام بن حادثے میں دس مسافر زخمی۔ یو پی آئی کے مطابق شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے جلشیری علاقے میں ہفتہ کو ایک سڑک حادثے میں ایک خاتون آٹو رکشا کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گئی۔تفصیلات کے مطابق آٹو رکشہ نے خاتون راہگیر کو ٹکر مار دی جس کی شناخت سلیمہ بانو زوجہ وحید احمد ساکن جلشیری بارہمولہ کے طور پر ہوئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔انہوں نے بتایا کہ زخمی خاتون کو فوری طور پر علاج کے لیے جی ایم سی بارہمولہ منتقل کیا گیا،جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔دوسری جانب پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔دریں اثنا رام بن میں ہفتے کی سہ پہر کو دو گاڑیوں کے درمیان زور دار ٹکر ہونے کے باعث دس مسافر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔