رانچی: ۶۲/ اپریل (یو این آئی) راہل گاندھی سے متعلق کیس کی سماعت منگل کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں ہوئی۔ہائی کورٹ کے جج جسٹس سنجے کمار دویدی کی عدالت نے معاملے کی سماعت کرتے ہوئےاگلی سماعت کے لیے 5 مئی کی تاریخ مقرر کی ہے۔ راہل گاندھی کی جانب سے آج بحث ہونی تھی، لیکن وقت کی کمی کی وجہ سے اب عدالت اگلے ہفتے ان کے کیس کی سماعت کرے گی۔ فی الحال عدالت نے ان کے خلاف سخت کارروائی پر روک لگانے کے حکم میں توسیع کر دی ہے۔غور طلب ہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو رانچی سول کورٹ نے سمن جاری کیا تھا، جس کے خلاف راہل گاندھی نے جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔ راہل گاندھی کی جانب سے دائر عرضی میں سمن کے ساتھ کیس کو خارج کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔واضح ہو کہ راہل گاندھی لوک سبھا انتخابات کے دوران انتخابی مہم چلانے رانچی پہنچے تھے جہاں انہوں نے مورہابادی میں اپنی انتخابی تقریر میں نریندر مودی، نیرو مودی، للت مودی کا نام لیا اور کہا کہ جن لوگوں کے ناموں کے آگے مودی ہے ، وہ سبھی چور ہیں۔ ٹرائل کورٹ نے اس معاملے میں راہل گاندھی کے خلاف سمن جاری کیا تھا۔ سمن میں راہل گاندھی کو عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ راہل گاندھی خود پیش ہو سکتے ہیں یا اپنے وکیل کے ذریعے اپنا موقف رکھ سکتے ہیں۔