نئی دہلی: ۱۲/ اپریل (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے امریکی کمپنیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خریدنے اور بیچنے والے کے تعلقات کو چھوڑ کر دفاعی شعبے میں ہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کریں۔مسٹر راجناتھ سنگھ نے جمعرات کے روز یہاں ہندوستان میں امریکن چیمبر آف کامرس (AMCHAM India) کی 30 ویں سالانہ جنرل میٹنگ کے دوران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کیا۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں کو حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات سے فائدہ اٹھانے اور ‘میک ان انڈیا، میک فار دی ورلڈ’ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہندوستان میں مشترکہ تحقیق وترقی، دفاعی آلات کی تیاری اور دیکھ بھال کرنے کی دعوت دی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ حال ہی میں کچھ امریکی کمپنیوں نے اپنے ہندوستانی ذیلی اداروں کے ساتھ مزید شراکت داری کا فیصلہ کیا ہے جو کہ قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بڑھتے ہوئے کاروبار کے ساتھ امریکی کمپنیاں ہندوستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کی کمپنیوں کو مقامی حیثیت دینا فروغ دینے اور ایک دوسرے کی دفاعی سپلائی چین میں شراکت داری کو بڑھانے کے لئے تیزی سے کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں کا ہندوستان میں مینوفیکچرنگ سہولیات قائم کرنے کا خیرمقدم کیا۔AMCHAM India ہندوستان میں کام کرنے والی امریکی کاروباری تنظیموں کا ایک کنسورشیم ہے اور 1992 میں اپنے قیام کے بعد سے اب تک اس کی تعداد 400 سے زیادہ ممبر کمپنیوں تک پہنچ چکی ہے ۔ اس کا بنیادی مقصد ہندوستان میں امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کو بڑھانا ہے ۔