نئی دہلی: ۹ اپریل (یو این آئی) ملک میں تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ہفتہ کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کئے جانے سے مسلسل تیسرے دن ایندھن کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اس سے پہلے قومی راجدھانی دہلی میں بدھ کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80-80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس اضافے کے بعد دہلی میں پٹرول 105.41 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 96.67 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے ۔وہیں ممبئی میں پٹرول کی قیمت 120.51 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 104.77 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے ۔روس کے یوکرین پر حملے کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل اور قدرتی گیس کی سپلائی میں خلل پڑنے کے خدشے کے پیش نظر ملک میں ان دو فوسل فیولز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 137 دنوں کے استحکام کے بعد 22 مارچ 2022 سے بڑھنا شروع ہو گئی ہیں۔ گزشتہ 19 دنوں میں کمپنیوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 14 بار اضافہ کیا ہے ۔ تب سے ان کی قیمتوں میں تقریباً 10 روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھا¶ جاری ہے ۔ لندن برینٹ کروڈ آج 102.78 ڈالر فی بیرل پر اور امریکی کروڈ 1.95 فیصد اضافے کے ساتھ 97.90 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے ۔واضح رہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا یومیہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اس کی بنیاد پر نئی قیمتیں روزانہ صبح 6 بجے سے لاگو ہوتی ہیں۔