جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں نامعلوم بندوق برداروں نے ایک فورسز اہلکار کو اُس وقت ہلاک کیا جب وہ چھٹیوں پر اپنے گھر آیا ہوا تھا ۔ اطلاعات کے مطابق سنیچر وار کی شام کو جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں میں ایک سی آر پی ایف اہلکار پر نامعلوم بندوق برداروں نے گولیاں چلائی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا ۔ سی آر پی ایف اہلکار مختار احمد ولد محمد جمال الدین دوئی کو شدید زخمی حالت میں نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروںنے اس کی آمد پر ہی اسے مردہ قراردیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مختا ر احمد اپنے گھر چھٹیوں پر آیا ہوا تھا ۔ اس واقعے کی پولیس ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی آر پی ایف اہلکار پر حملہ کرنے والے حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کردی گئی ہے اور وسیع علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے ۔ اس دوران پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرلیا ۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کولگام میں نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ایک سرپنچ کی موت واقع ہوئی تھی ۔