مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج برساد گجرات کا دورہ کیا جہاں انہوںنے مہاتما گاندھی کی جانب سے ڈانڈی مارچ شروع کرنے کی جگہ پر جاکر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس موقعے پر ستیا گرہ میں شامل تمام اُن لیڈران اور کارکنوں کو سلام پیش کیا جنہوںنے اس دن گاندھی جی کا ساتھ دیا تھا ۔ منوج سنہا نے اس ضمن میں نکالے گئے مارچ میں شمولیت کرتے ہوئے اُس جگہ تک پید ل مارچ کیا جہاں سے ڈانڈی مارچ شروع کیا گیا تھا ۔ اس دوران جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے جو راستہ دکھایا ہے وہ امن و سلامتی اور ہم آہنگی کا راستہ تھا جس پر چل کر بھارت عدم تشدد کے ذریعے تحریک چلاکر انگریزوں سے آزادی لی تھی ۔ اس موقعے پر منوج سنہا نے جموں کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں ہم مہاتما گاندھی کے اسی وژن کے تحت کام کررہے ہیں اور وہاں پر امن و سلامتی کو یقینی بنانے کےلئے کام کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ امن پسند اور گاندھی جی کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے والے ہیں تاہم کچھ طاقتیں یہاں امن و بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں جن کی کوششوں کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔