سری نگر سپورٹس کلب میں سہولیات کا معائینہ اور کوچوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے بدھوار کو بخشی سٹیڈیم کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا معائینہ کیا۔بخشی سٹیڈیم سری نگر شہر کے بڑے سٹیڈیموں میں سے ایک ہے جس کی بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش اور اَپ گریڈیشن کا کام جاری ہے جس پر نیشنل پروجیکٹ کنسٹرکشن کارپوریشن لمٹیڈ کی طرف سے 40.85 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا جارہا ہے ۔مشیر فاروق خان نے سٹیڈیم کا تفصیلی چکر لگاتے ہوئے عمل آوری ایجنسی کے نمائندوں پر زور دیا کہ منصوبے پر کام کی رفتار میں سرعت لائے تاکہ اسے مقررہ مدت کے اَندر مکمل کیا جاسکے۔مشیر موصوف نے متعلقہ عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ سٹیڈیم کے ماحول کو برقرار اور سٹیڈیم کے اِرد گرد نکاسی آب کا مناسب نظام بھی بنایا جائے۔بعدمیں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے شیر کشمیر اِنڈور سٹیڈیم کا بھی دورہ کیا اور کھیل بنیادی ڈھانچے کی پیش رفت اور این پی سی سی کے ذریعے 14.60 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے کئے دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے سٹیڈیم کے مختلف حصوں کی تزئین و آرائش کے تمام کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ تمام کاموں کے معیاراور بنیادی سہولیات بشمو ل لڑکوں او رلڑکیوں کے لئے الگ الگ چینج روم ، لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے الگ الگ واش روم ، جسمانی طور معذور اَفراد کے لئے اِضافی واش روم کو یقینی بنائیں۔