ڈی سی سرینگر کا برزلہ ہسپتال کا دورہ ،آگ زنی کے بعد او پی ڈی خدمات کا لیا جائزہ
سرینگر/
کے وادی کشمیر کے واحد ہڈیوں اور جوڑوں کے ہسپتال برزلہ میں مریضوں کو عام سہولیات بہم رکھنے اور کام کاج کو فوری طور پر مکمل طور پر بحال کرنے کی کوششیں جاری رہنے کے بیچ سرینگر کے ضلع کمشنر محمد اعجاز اسد نے آج برزلہ ہسپتال کا دورہ کیا تاکہ ہسپتال میں کام کاج کی بحالی میں حائل رُکاوٹیں کو دور کیا جاسکے ۔ ادھر برزلہ ہسپتال میں او پی ڈی اور ایمرجنسی خدمات کو مریضوں کی سہولیت کےلئے بحال کردیا گیا ہے ۔ بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال میں گزشتہ ہفتے جمعہ کے روز بھیانک آگ لگی تھی جس کے نتیجے میں ہسپتال کو کافی نقصان پہنچا تھا ۔ اس صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ اب ہسپتال میں مریضوں کےلئے علاج و معالجہ کے کام کی بحالی کی طرف توجہ دے رہی ہے ۔ ڈی سی موصوف نے اپنے دورہ کے دوران مختلف بلاکوں، وارڈوں ، ڈائیگناسٹک سنٹروں ، لبارٹریوں ہسپتال کے دیگر یونٹوں میں بحالی کے کام کا جائزہ لیا تاکہ ہسپتال میں جلد سے جلد معمول کا کام بحال ہو۔ اس موقعے پر ضلع کمشنر کو جانکاری دی گئی کہ ہسپتال میں اہم خدمات کو بحال کیا گیا ہے جن میں آکیسجن سپلائی لائن، آپریشن تھیٹر ، ایکسرے پلانٹ، آئی سی یو ، بلڈ بینک ، سی ٹی سکین ، ایم آر آئی، کے علاوہ ڈی جی سیٹو اور دیگر متعلقہ خدمات کے ساتھ ساتھ او پی ڈی اور ایمرجنسی خدمات کو بھی مریضوں کی سہولیت کےلئے بحال کردیا گیا ہے ۔ اس دوران محمد اعجاز اسد نے کئی مریضوں کے ساتھ بھی بات کی ، اس کے بعد انہوںنے ہسپتال حکام کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد کی جس میں آئی پی ڈی سروس ، آپریشن تھیٹر اور دیگر معاملات کے علاوہ پارکنگ کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس دوران ضلع کمشنر نے موقعے پر ہی کئی معاملات کو حل کرتے ہوئے آر اینڈ بی ، پی ایچ ای ، پی ڈی ڈی ، ایم ای ڈی اور دیگر لائن ڈیپارٹمنٹوں کو سروس کی بحالی کی ہدایت دی ۔ تباہ شدہ عمارت کی اوپری منزل سے ملبے کو ہٹانے کے سلسلے میں، ڈی سی نے محکمہ آر اینڈ بی سے کہا کہ وہ عمارت کے اوپر سے تباہ شدہ مواد کو تیزی سے ہٹانے کے لیے مزید افرادی قوت پر زور دیں۔ڈی سی نے چیف سینی ٹیشن آفیسر، ایس ایم سی کو یہ بھی ہدایت کی کہ ہسپتال میں جمع تمام ملبے اور کیچڑ کو ترجیحی بنیادوں پر ہٹایا جائے، اس کے علاوہ ہسپتال کے اندر اور اطراف میں صفائی ستھرائی کے مناسب اقدامات کئے جائیں تاکہ بحالی کے دیگر اقدامات کو آسانی سے انجام دیا جا سکے۔ہسپتال میں بجلی اور پانی کی سپلائی کی بحالی کے حوالے سے ڈی سی کو بتایا گیا کہ دونوں سپلائی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ڈی سی نے تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت کی کہ وہ مربوط انداز میں کام کریں تاکہ ہسپتال کے تمام یونٹس کو کم سے کم وقت میں فعال بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ سری نگر کی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ وادی کا پریمیئر آرتھوپیڈک ہسپتال دنوں کے اندر مکمل طور پر فعال ہو جائے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بی اینڈ جے ڈاکٹر سہیل اور پولیس اور سول انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران دورے کے دوران ڈی سی کے ہمراہ تھے۔ادھربون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ سری نگر کے حکام نے آج سے آو¿ٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر میاں سہیل نے بتایا کہ انتظامیہ نے آج سے او پی ڈی خدمات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فی الحال وہ یہاں مریضوں کو داخل نہیں کر سکتے لیکن انہیں مشاورت اور تشخیص فراہم کر سکتے ہیں۔ "اہم ہسپتال ہونے کی وجہ سے اس کا کام دوسرے ہسپتال نہیں لے سکتے۔”ایمرجنسی آپریشن تھیٹر کے کام کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر اسے فعال کر دیا جائے گا۔ وقت آنے پر، ہم اسے بھی شروع کر دیں گے لیکن فوری طور پر نہیں۔واضح رہے کہ اتوار کے روز ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیر میں بو ن اینڈ جوائنٹ مریضوں کے لئے ضلع اور سب ضلع ہسپتالوں میں سہولیات بہم رکھنے کے ضمن میں ایک حکم نامہ جاری کیا تھا۔