نئی دہلی:۶ مارچ (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہر سال ملک کے مختلف حصوں میں ندی کے جشن کا انعقاد کیا جانا چاہئے تاکہ عام شہریوں کو پانی اور ندیوں کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ مہاراشٹر کے پونے میں اتوار کے روز مولا مٹھو ندیوں کی بحالی کے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہاں صدیوں سے ندیوں کی اہمیت رہی ہے اورندیاں زندگی کی بنیاد رہی ہیں۔ آج کی نسل کو ندیوں کی اہمیت کو سمجھنے کیلئے ہر سال ہر شہر میں ندی کا جشن منایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف شہری زندگی کو سکون ملے گا بلکہ ملک کے ہر شہری کو دریا کی اہمیت کا پتہ چلے گا۔مسٹر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت ندیوں کی صفائی کے لیے ہر شہر کے نالوں کو صاف کرنے کے لیے ٹریٹمنٹ سیوریج پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ندی کی صفائی کے مقصد سے ہر شہر میں مناسب تعداد میں یہ پلانٹ لگائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم پونا کے مولا متھو ندی کے 44 کلومیٹر طویل حصے میں لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے بنائی گئی ہے اور اس پر 4727 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس پروجیکٹ پر 1100 کروڑ روپے کی لاگت سے کام شروع کیا گیا ہے۔