بھارت نے پاکستان کو اپنے متنازعہ منصوبوں کے دورے کی یقین دہانی کروا دی
آبی تنازعہ پر ہند پاک کے مابین اسلام آباد میں جاری مذکرات کے بیچ بھارتی وفد نے پاکستان کو اپنے متنازعہ منصوبوں کےدورے کی یقین دہانی کروا دی۔ مانیٹر نگ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے۔مذاکرات دونوں ممالک کےانڈس واٹرکمشنرزکی سطح پرہو رہے ہیں۔مذاکرات میں پاکستان نےآبی جارحیت پرسوالات اٹھا دئیے ہیں، پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ سیلاب سے انسانی جانوں کےضیاع کا خدشہ ہے، اس نقصان کا ذمہ دارکون ہوگا، چناب پربننے والا متنازعہ منصوبہ کیرو پر بھی اعتراضات ہے۔پاکستان کے وزارت آبی وسائل کے حکام نے کہا کہ دریائے چناب پر کیرو پن بجلی منصوبہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے، پاکستان کو دریائے سندھ پر نیموں چلنگ ڈیم اور دریائے پونچھ پر مانڈی ڈیم کی تعمیر پر بھی اعتراض ہے۔پاکستان کی جانب سے اعتراضات پر بھارتی وفد نے پاکستان کو بھارت میں متنازعہ منصوبوں کے دورے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سے پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات شروع ہوگئے ہیں، مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ اور بھارت کی جانب سے مذاکرات کی قیادت انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا کر رہے ہیں۔