وادی بھر کی مساجد وخانقاہوںمیں عظیم الشان،رُوح پرور اجتماعات اوربابرکت مجالس کاانعقاد
شب ِمعراج ﷺ کی تقریبِ سعید کے موقعہ پرآ ثارشریف درگاہ حضرتبل کے ساتھ ساتھ شہر سرینگراوروادی بھر کی مساجد وخانقاہوںمیں عظیم الشان،رُوح پرور اجتماعات اوربابرکت مجالس کاانعقاد ہوا،جس دوران علمائے کرام نے فلسفہ معراج العالم پر ہزاروں فرزندان توحید کے روبرﺅ روشنی ڈالی۔ ادھر جموں وکشمیر کے آرپار تمام مساجد،خانقاہوں ،زیارت گاہوں ،دینی مدارس اوردرسگاہوں میں بھی روح پروراوربابرکت اجتماعات کا اہتمام کیاگیا جہاں سرکردہ علمائے دین ،اسلامی مفکرین ،واعظ،خطیب ،مبلغین اورائمہ مساجد نبی برحق ،حضور پُرنور حضرت محمد مصطفےٰ احمد مجتبیٰ ﷺ کی اللہ تبارک وتعالیٰ کیساتھ ملاقات(معراج العالم) پر روشنی ڈالی۔اس دوران گھروں میں بھی عبادات، نوافل ، روحانی محافل اور خصوصی دعاﺅں کا اہتمام ہواجسکے دوران معمروبیمارافراد،خواتین اوربچے وبچیاں رسول مقبول ﷺ کے تئیں اپنی والہانہ عقیدت کااظہار کرتے ہوئے اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہونے کے علاوہ رات بھر درودحضورﷺ میں محو رہیں ۔اطلاعات کے مطابق ماہ رجب المرجب کی 27ویں شب کو اللہ تعالی نے اپنے محبوب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو معراج کا شرف عطا کیا ۔ اسی بابرکت رات میں اللہ رب العزت نے پیغمبر آخرزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے پاس بلایا اور ان سے ہم کلام ہوئے۔ دنیا بھر کے فرزندان توحید اور عاشقان رسول ﷺشب معراج کو خصوصی عبادات کا اہتمام کرتے ہیں اور اللہ تعالی کے حضور سر بسجود ہو کر اپنے گناہوں کی معافی طلب کرنے کے ساتھ ساتھ دین برحق کی فروزاں شمع کی روشنی میں اپنی زندگی کے نشیب و فرازطے کا اعادہ کرتے ہیں۔ عرب و عجم اورشرق وغرب کی طرح ہی جموں و کشمیر کے لاکھوں مسلمان بھی شب معراج کی تقریب سعید کے موقعہ پر مساجد ، خانقاہوں،آستانوں اوردینی مدارس و درسگاہوں کے ساتھ ساتھ اپنے گھروں میں بھی میں رات بھر شب خوانی کی اور اللہ کے حضور سربسجود ہو نے کے علاوہ درود ازکار میں بھی محو رہےں ۔ وادی میں معراج العالم کی سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جہاں شہر سرینگر سمیت وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسولﷺ جمع ہوئے۔شب معراج کے موقعہ پر آثار شریف درگاہ حضرتبل کو خصوصی طورسجایاگیا ہے جبکہ یہاں عبادات میں رات گزارنے کیلئے آنے والے عقیدت مندوں کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ۔سٹی رپورٹر کے مطابق نماز عشاءباجماعت اداکرنے کے بعد شب معراج کی روح پرور مجالس کاآغازہوا ،جو رات بھر جاری رہا اور طلوع آفتاب پر اختتام پذیر ہوا جبکہ پوری رات علماءکرام ، مبلغین اورواعظ فلسفہ معراج العالم پر اپنی اپنی معلومات کے مطابق روشنی ڈالی۔اس دوران منگل کے علی الصبح نماز فجر کی ادائیگی کے فوراً بعد عاشقان رسول ﷺ موئے مقدس ﷺ کے دیدار سے فیضیاب ہوئے ۔ شب معراج کی تقریب بابرکت کے پیش نظر آستان عالیہ شاہ جیلان واقع خانیار و صاحبؒسرائے بالا ، جناب صاحب صورہ،شہری کلاشپورہ،سعد صاحب سونہ وار کے علاوہ کپوارہ، ،بارہمولہ، سوپور ، بانڈی پورہ ، پلوامہ ، شوپیان ، گاندربل ، اننت ناگ ،بڈگام سمیت دیگر اضلاع میں واقع مساجد،زیارتگاہوں ،خانقاہوں ،آستانوں اور دینی مدارس و درسگاہوں میں بھی بابرکت اورعظیم رات شب خوانی کے ساتھ ساتھ درودواذکار کی مجالس کا اہتمام ہوا،جن میں لاکھوں مسلمان بشمول خواتین اوربچے و بچیاں شرکت کرکے حضور اقدس ﷺ کے تئیں اپنی عقیدت ومحبت اوراللہ تعالیٰ کے تئیں اپنی فرمانبردار ی اوراطاعت کااظہار بھی کیا۔صوبائی انتظامیہ کشمیر اورضلع انتظامیہ سرینگر نے سرکاری اداروں اورکچھ رضاکار انجمنوں واداروں کے اشتراک سے درگاہ حضرتبل آنے والے ہزاروں فرزندان توحید اورعاشقان رسول ﷺ کوہرممکنہ سہولیات بہم رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ شہرسرینگر اوروادی کے مختلف علاقوں سے حضرتبل پہنچنے والی نجی اورمسافربردار گاڑیوں کیلئے نیا روٹ پلان مرتب کیا ،جسکے تحت گاڑیوں کی آواجاہی کیلئے الگ الگ روٹ مقررکئے گئے ۔