پچاس روسی فوجی ہلاک اور 6 روسی طیارے تباہ کئے گئے
کیف(ایجنسیز) یوکرین کی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مشرقی یوکرین میں 50 روسی فوجی ہلاک اور 6 روسی طیارے تباہ کردئے ہیں۔ روسی حملے میں ان کی فرنٹ لائن کے قریب شیلنگ میں ایک فوجی ہلاک ہوگیا ہے جبکہ روسی دھماکے کے بعد کیف کے شہری مضافاتی علاقوں میں جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق روسی حملے سے کیف سمیت یوکرین کے مشرقی شہروں میں افرا تفری کی صورتِ حال ہے۔ ادھر یوکرین کی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق یوکرین بھر میں روسی فوجوں کی جانب سے شیلنگ جاری ہے۔ یوکرین کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ یوکرین کے شہر برووری میں روسی افواج کی شیلنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔ دوسری جانب یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مشرقی یوکرین میں 50 روسی فوجی ہلاک جبکہ 6 روسی طیارے تباہ کر دیے ہیں۔ اس سے قبل یوکرینی فوج کی جانب سے پانچ روسی طیاروں اور ایک ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ سامنے آیا تھا۔اس سے قبل امریکی انٹیلی جنس کی یوکرین کو 48 گھنٹے میں بڑے روسی حملے کی اطلاع دی تھی، صدر بائیڈن کی انتظامیہ نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کو حملے سے متعلق انٹیلی جنس جائزوں سے آگاہ کیا تھا۔ معروف امریکی جریدے نے امریکی انٹیلی جنس اہلکاروں کے حوالے سے روسی حملے سے خبردار کیا لیکن یہ بھی کہا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوتی ہوئی صورت حال میں روس اپنا ارادہ بدل بھی سکتا ہے۔ دریں اثناءیوکرین کے وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ جارحیت کی جنگ ہے، یوکرین اپنا دفاع کرے گا اور جیت جائے گا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ کہ روسی صدر پیوٹن نے یوکرین پر مکمل حملہ کیا ہے، یوکرین کے پ±رامن شہر روسی حملوں کی زد میں ہیں۔