اس طرح کے واوچرز کو اب رقم ختم ہونے تک کئی بار استعمال کیا جا سکتا ہے: آر بی آئی
نئی دہلی(یو این آئی) ریزرو بینک آف انڈیا نے مرکزی اور ریاستی ملازمین کیلئے جاری کیے جانےوالے ای-روپے پری پیڈ ڈجیٹل ووچر کی حد 10,000 روپے فی واوچر سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ جمعرات کو ممبئی میں مانیٹری پالیسی کمیٹی کی دو ماہی جائزہ میٹنگ کے فیصلوں کے بارے میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ آر بی آئی کی تجویز کے مطابق اس طرح کے واوچرز کو اب رقم ختم ہونے تک کئی بار استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا(این پی سی آئی) کے ذریعہ تیار کردہ ای۔ روپے پری پیڈ ڈجیٹل واوچر اگست 2021 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس وقت کیش لیس ادائیگی میں لائے گئے اس واوچر کی حد 10,000 روپے تھی اور ایک واوچر صرف ایک بار استعمال کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستوں کی طرف سے جاری کردہ ای-روپے واوچرز کی حد کو 10,000 روپے سے بڑھا کر 1,00,000 روپے فی واوچر کرنے اور اس طرح کے ای-روپے واوچرز کے ایک سے زیادہ استعمال کی اجازت دینے کی تجویز ہے، جب تک کہ واوچر کو پوری طرح بھنا نہیں لیا جاتا ہے۔ آر بی آئی کے گورنر نے کہا کہ اس سے حکومتوں کے لیے اپنی مختلف اسکیموں کو استفادہ کنندگان تک پہنچانے میں آسانی ہوگی۔













