نئے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ، متاثرین کی تعداد 12 لاکھ سے متجاوز
نئی دہلی(یو این آئی)ملک میں کورونا وائرس کی وبا نے رفتار پکڑ رکھی ہے نئے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتاجارہا ہے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا انفیکشن کے دو لاکھ 64 ہزار 202 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں اور اسی کے ساتھ کل زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ 12 لاکھ 72 ہزار 73 تک پہنچ گئی ہے دریں اثناءجمعرات کے روز 73 لاکھ 8 ہزار 669 کووڈ ویکسین لگائی گئی ہیں اور جمعہ کی صبح 7 بجے تک موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک میں ایک ارب 55 کروڑ 39 لاکھ 81 ہزار 819 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی طرف سے ا?ج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر تین کروڑ 65 لاکھ 82 ہزار 129 ہو گئی ہے۔اسی عرصے میں مزید 315 مریضوں کی موت کے بعد اموات کی کل تعداد 4,85,350 ہو گئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 109345 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد اس وبا سے شفا یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد تین کروڑ 48 لاکھ 24 ہزار 706 ہوگئی۔ اسی مدت میں 17 لاکھ 87 ہزار 457 کووڈ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ملک میں فعال معاملوں کی شرح 3.48 فیصد ہے اور صحت یابی کی شرح 95.20 فیصد ہے جبکہ اموات کی شرح 1.33 فیصد ہے۔دوسری طرف کووڈ کی نئی شکل اومیکرون سے 27 ریاستوں میں اب تک 5753 لوگ متاثر پائے گئے ہیں۔