اس دوران ملک میں اومیکروں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اب تک 1270اس ویرینٹ میں مبتلاءہوئے
کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے سبب ادے پور میں ایک 75 سالہ بزرگ کی موت ہو گئی، حیران کن بات یہ ہے کہ بزرگ کی کورونا کی رپورٹ دو مرتبہ منفی آ چکی تھی اور کووڈ کے دونوں ڈوز بھی لئے تھے ۔ اس دورا ن ملک میں اور 1270 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ اس وجہ سے اب تک دو افراد کی موت ہوئی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا مطابق ملک بھر میں کورونا کے معاملوں میں اضافہ کے درمیان راجستھان کے شہر ادے پور میں کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون سے متاثرہ ایک بزرگ کی جان چلی گئی ہے۔ 75 سالہ بزرگ کی کورونا کی رپورٹ دو مرتبہ منفی قرار دی جا چکی تھی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بزرگ کا ادے پور کے مہارانا بھوپال اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔ 15 دسمبر کو طبیعت خراب ہونے پر انہیں علاج کے لئے اسپتال لے جایا گیا تھا۔ اس دوران ان کی کورونا کی جانچ کرائی گئی، جس میں وہ اس سے متاثرہ پائے گئے۔ اس وقت سے ہی وہ اسپتال میں داخل تھے۔ ان کے نمونے کو جینوم سیکونسنگ کے لئے پونے کی لیب میں بھیجا گیا۔ جہاں ان میں کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کی تصدیق کی گئی۔خیال رہے کہ بزرگ میں بخار، کھانسی اور ناک کی سوزش کی علامات کے سبب 15 دسمبر کو ان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جس میں وہ مثبت پائے گئے تھے۔ اس کے بعد 21 دسمبر کو دوبارے کرائے گئے کورونا کے ٹیسٹ وہ منفی پائے گئے۔ لیکن 25 دسمبر کو جب جینوم سیکونسنگ کی رپورٹ آئی تو مریض میں ایک نئے ویرینٹ اومیکرون کی تصدیق کی گئی۔اس کے بعد ڈاکٹروں نے 25 دسمبر کو دوبارہ ان کا کورونا ٹیسٹ کیا، جس کی رپورٹ نگیٹو آئی۔تاہم تمام تر پیچیدگیوں کے بعد 31 دسمبر کو مریض کی موت ہو گئی۔ مریض کی غیر ملکی سفر کی کوئی تاریخ نہیں تھی، جبکہ مریض کو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں دی جا چکی تھیں۔ملک میں Omicron انفیکشن تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اب تک یہ انفیکشن 23 ریاستوں میں پھیل چکا ہے اور 1270 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 450 کیسز ہیں۔ دہلی میں، 320 اومیکرون سے متاثر ہیں۔ جمعرات کی رات مہاراشٹر میں اومیکرون کے 198 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جن میں سے 190 کیس صرف ممبئی کے تھے۔