ورکشاپ کم کلاس بلاک کی تعمیر کا اِفتتاح اور سالانہ میگزین جاری کیا
پرنسپل سیکرٹری محکمہ سکل ڈیولپمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آج گورنمنٹ پولی تکنیک برائے خواتین سری نگر کا دورہ کیااور اُنہوں نے وہاں سالانہ میگزین ” دی سپارکل “ جاری کیا اور ورکشاپ کم کلاس بلاک ( مرحلہ دوم) کی تعمیر کا اِفتتاح کیا۔پرنسپل سیکرٹری نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے ہونہار طلباءاور کالج سے فارغ التحصیل طلاب میں توصیفی اَسناد بھی تقسیم کئے۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے ورکشاپ کم کلاس روم کی تعمیر کے بارے میں موجود آر اینڈ بی اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تعمیراتی کام کو مقررہ وقت کے اَند ر مکمل کریں تاکہ اس سہولیت کو طلباءکی خدمت میں پیش کیا جاسکے۔ یہ منصوبہ 371.02 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔اُنہوں نے ” دی سپارکل “ کی اِشاعت کے ذریعے طلباءاور فیکلٹی میں تخلیقی تحریری صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے پر طلباءاور اِدارے کی ادارتی کمیٹی کے کام کو سراہا ۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی کے پولی تکنیک کالجوں اور دیگر سکل ڈیولپمنٹ کے اِداروں میں جدید ترین بنیادی ڈھانچے اور دیگر سہولیات کی تعمیر کے لئے پُر عزم ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جموںوکشمیر میں نوجوانوں کو دی جانے والی تکنیکی تعلیم کے معیار کو بڑھانے کے لئے بہت سے اِقدامات شروع کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ملک میں بہت ساری اِصلاحات جاری ہیں اور سکل ڈیولپمنٹ ایک ایسا شعبہ ہے جس کی آنے والے وقت میں بہت زیادہ مانگ ہوگی ۔ اُنہوں نے اہل نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مختلف اِداروں کی جانب سے پیش کئے جانے والے مختلف سکل ڈیولپمنٹ کورسوں کو اَپنائیں تاکہ ان کی کاروباری صلاحیتوں میں اِضافہ ہوسکے۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے کہا کہ اَساتذہ کو ہماری پولی تکنیک او رآئی ٹی آئی میں زیر تعلیم طلباءکو بہترین تعلیم اور ہنر دینا چاہیئے او ران میں سے کاروباری اَفراد کو تیار کرنا چاہیئے جبکہ طلباءکو مشورہ دیا کہ وہ محنت و مشقت کریں اور ملازمت ڈھونڈنے کے بجائے ملازمت دینے والے بنیں۔














