جموںکشمیر میں ابھی تک کوئی بھی اومیکرون کا معاملہ سامنے نہیں آیا، سرکارہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیار
ملک میں اومیکرون کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں اورمتاثرہ مریضوں کی تعداد 200سے زائد ہوچکی ہے ۔جن میں دلی اور مہاراشٹریہ میں سب سے زیادہ کیس سامنے آرہے ہیں ۔ وزیر صحت منسکھ منڈاویہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ویکسین کی پیداواری صلاحیت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ادھر حکام نے منگل کے روز بتایا ہے کہ جموں کشمیر میں فی الحال اومیکرون کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے البتہ سرکار کی جانب سے ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاںکی گئیں ہیں خاص کر طبی شعبہ کو متحرک کردیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ جموں اور سرینگر کے انٹرنیشنل ائرپوٹوں پر نگرانی بڑھائی گئی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ہندوستان میں دن بدن کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکران کے معاملے بڑھ رہے ہیں۔ اس سے تشویش کی صورتحال بنتی جا رہی ہے۔ مہاراشٹر میں اومیکران کے 8 اور نئے معاملے سامنے آنے اور برطانیہ سے حال ہی میں گجرات لوٹے 45 سالہ ایک غیر مقیم ہندوستانی اور ایک نوجوان کے بھی کورونا وائرس کی اس ویریئنٹ سے متاثر پائے جانے کے بعدمنگلوار کو ہندوستان میں اس نئی ویرینٹ کے معالات کی تعداد 200ہوگئی ہے۔
مرکز کے افسران کے مطابق اب تک 11 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں- مہاراشٹر (54)، دہلی (22)، راجستھان (17)، کرناٹک (14)، تلنگانہ (20)، کیرلا (11)، گجرات (9)، آندھرا پردیش (1)، چندی گرھ (1)، تمل ناڈو (1) اور مغربی بنگال (1) میں اومیکران کے مریضوں کا پتہ چلا ہے۔مہاراشٹر میں محکمہ صحت نے بتایا کہ 8 لوگ کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکران سے متاثر پائے گئے اور اس کے ساتھ ہی ریاست میں اس ویریئنٹ سے متاثر لوگوں کی تعداد بڑھ کر 60ہوگئی۔ ان میں سے دو مریضوں نے تنجانیہ کا سفر کیا تھا۔ وہیں دو انگلینڈ سے لوٹے ہیں جبکہ ایک نے مغربی ایشیا کا سفر کیا۔ ان میں سے سبھی کی مکمل ٹیکہ کاری ہوچکی ہے۔ادھر یوٹی جموںکشمیر کے حکام نے بتایا ہے کہ جموں کشمیر میں کووڈ19کی اس نئی ویریٹ کا کوئی کیس نہیں ہے ۔ حکام کے مطابق سرکار اومیکرون سے جڑی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیار ہے اور سرکاری سطح پر شعبہ صحت کو متحرک کردیاگیا ہے ۔ اس کے علاوہ جموں اور سرینگر کے ائرپورٹوں پر چوکسی بڑھائی گئی ہے ۔ حکام کے مطابق متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مسافرکو بغیر جانچ کے ائر پورٹ احاطے سے باہر جانے کی اجازت نہ دیں ۔ دریں اثناءوزیر صحت منسکھ منڈاویہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ویکسین کی پیداواری صلاحیت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر منسکھ منڈاویہ نے پیر کو راجیہ سبھا میں کہا کہ ہندوستان کورونا وائرس کے اومیکرون قسم کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔ اگلے دو ماہ میں ویکسین کی پیداواری صلاحیت 450 ملین خوراکیں ماہانہ ہونے کی توقع ہے۔
















