وسطی کشمیر کے ضلع گاندر بل کے گنڈ علاقے میں ایک سی آر پی ایف ہیڈ کانسٹیبل نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنا کام تمام کردیا سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’وسطی ضلع گاندربل کے گنڈ علاقے میں اتوار کی صبح کو ایک سی آر پی ایف ہیڈ کانسٹیبل نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنا کام تمام کر دیا‘۔انہوں نے بتایا کہ گولی کی آواز سنتے ہی وہاں موجود دوسرے اہلکار اپنے ساتھی کی طرف دوڑ پڑے اور اس کو خون میں لت پت پایا۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ اگر چہ سی آر پی ایف ہیڈ کانسٹیبل کو نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔متوفی ہیڈ کانسٹیبل کی شناخت دیوناتھ یادو ساکن مرزا پور ا±تر پردیش کے بطور ہوئی ہے۔جموں وکشمیر کے حالاات پر گہری نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں میں خود کشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سخت ڈیوٹی، اپنے عزیز و اقارب سے دوری اور گھریلو و ذاتی پریشانیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے سیکورٹی اہلکاروں کے لئے یوگا اور دیگر نفسیاتی ورزشوں کو لازمی قرار دیا ہے لیکن باوجود اس کے جموں وکشمیر میں جوانوں کی جانب سے خود کشی کے واقعات گھٹنے کے بجائے بڑھ رہے ہیں۔