نئی دہلی/آنند(یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک سے کیمیائی کھادوں اورجراثیم کش ادویات پر زراعت کے ضرورت سے زیادہ انحصار کو ختم کرتے ہوئے کم لاگت والی قدرتی کھیتی کو عوامی تحریک بنانے پر زور دیا ہے ۔جمعرات کو گجرات کے آنند میں قدرتی زراعت اور فوڈ پروسیسنگ کے تین روزہ قومی کنونشن کے تیسرے دن کسانوں کی کانفرنس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ریاستی حکومت کو قدرتی زراعت کو ایک عوامی تحریک بنانا چاہئے اور ضلع میں کم از کم ایک گاو[؟][؟]ں کوقدرتی زراعت سے جوڑنا چاہئے ۔ یہ گجرات میں ایک عوامی تحریک بن چکی ہے اور ہماچل پردیش میں بھی اس کے تئیں کشش بڑھتی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں غذائی تحفظ کے لیے آج قدرتی کاشتکاری کو بہتر طریقے سے مربوط کرنے اور کیمیائی کھاد اورجراثیم کش ادویات سے پاک کاشتکاری کرنے کا عہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں نامیاتی اور قدرتی کاشتکاری کی مصنوعات کی پروسیسنگ میں سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات ہیں اور عالمی منڈی اس طرح کی مصنوعات کا انتظار کر رہی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ہزاروں کسانوں نے قدرتی کھیتی کو اپنایا ہے اور بہت سے اسٹارٹ اپ بھی اس علاقے میں آئے ہیں۔ کسانوں کو بڑے پیمانے پر تربیت اور امداد دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج زراعت کو کیمیکل لیب سے فطرت کی لیب سے جوڑنے کی ضرورت ہے ۔ قدرتی کاشتکاری سائنس پر مبنی ہے اور اس سے زمین کی زرخیزی میں اضافہ ہوتا ہے ۔زراعت سے متعلق قدیم علم کو جدید سائنس کے فریم میں ڈالنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ا س سے متعلق علم کو تحقیق یا تھیوری تک محدود کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ایسی معلومات کو استعمال میں لانے کی ضرورت ہے ۔