اِس موقعہ پر بائیک ، سائیکل ، جیپ اور گھڑ ریلیوں کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیاگیا
ٹور ٹریول برداری اور عوام توسہ میدان کو نئے سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کیلئے آگے آئیں گے۔ ناظم سیاحت
بڈگام کے سیاحتی مقام سیتاہرن میں ایک روزہ سیاحتی فیسٹول کا اِنعقاد کیا گیا ۔ اِس میگا فیسٹول کا اِنعقاد ضلع اِنتظامیہ ،ٹوراِزم ڈیولپمنٹ اَتھارٹی توسہ میدان اور محکمہ سیاحت کشمیر نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔تقریب کا آغاز مہمانان خصوصی ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا اور ناظم سیاحت ڈاکٹرجی این اِیتو کی آمد سے ہوا جن کا اِستقبال شہنائی اور پہاڑی گیت گا کر کیا گیا۔ دورانِ میگا فیسٹول ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اور ناظم سیاحت نے تمام متعلقہ اَفسران کے ہمراہ بائیک ، سائیکل اور جیپ ریلی کو ہری جھنڈی دکھاکر سیتا ہرن سے توسہ میدان تک روانہ کیا اور محکمہ تعلیم کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ کے موضوع پر ایک مصوری مقابلہ کا بھی انعقاد کیا گیا۔بعدمیں ضلع ترقیاتی کمشنر او رناظم سیاحت نے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا جن پر مختلف محکموں نے اَپنی مصنوعات اور خدمات کی نمائش کی تھی۔ان سٹالوں پر تعینات عملے نے معائینہ کرنے والے اَفسران کو سروس کی نوعیت ، سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی جو ضلع بھر میں لائن ڈیپارٹمنٹوں کی طرف سے پیش کئے اور عملائے جارہے ہیں۔ دورانِ فیسٹول ضلع ترقیاتی کمشنر او رناظم سیاحت نے گھڑ سواری ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر رواں کیا جس میں مقامی پونی والوں نے پورے جوش و خرو ش کے ساتھ حصہ لیا۔اِس موقعہ پرمہمان خصوصی ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر شہباز احمد مرزا نے اَپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، توسہ میدان کو نئے سیاحتی مقام کے طورپر فروغ دینے اور اس کی تلاش کے لئے تمام ضروری اِقدامات کرے گی جو بالآخر مقامی معیشت کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ اس سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے او رمستقبل میں توسہ میدان کو نئے اور پُر کشش سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لئے اِس طرح کی تقریبات جارکھی جائیں گی ۔اُنہوں نے سیتا ہرن توسہ میدان میں سیاحتی میلے کی کوریج کے لئے میڈیا اَفراد اور مختلف ثقافتی پروگرا م پیش کرنے والے فنکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ناظم سیاحت ڈاکٹر جی این ایتو نے بھی اِس موقعہ پر خطاب کیا اور عوام کی طرف سے دکھائے گئے زبردست ردعمل کو سراہا جو بڑی تعداد میں موجود تھی۔اُنہوں نے کہا کہ 75نئے سیاحتی مقامات کی تلاش کی جانی ہے جن میں سے صوبہ کشمیر میں 38 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ توسہ میدان مشہور اور پُر کشش سیاحتی مقام کے طور پر اُبھرنے کی وسیع صلاحیت رکھتاہے ۔ ناظم سیاحت نے ٹور ٹریول برادری اور علاقے کے عوام پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور توسہ میدان کو نئے سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے میں تعاون کریں۔دورانِ فیسٹول محکمہ سیاحت اور ضلعی اِطلاعاتی مرکز بڈگام کے زیر اہتمام روایتی لوک رقص ،روف، قوالی ، لڈی شاہ اور ثقافتی پروگراموں بھی پیش کئے گئے اور ان پروگراموں سے سامعین اور حاضرین محظوظ ہوئے۔اِس موقعہ پر مہمانان خصوصی نے مصوری مقابلے میں حصہ لینے والے طلاب او رسائیکل ، بائیک او رجیپ ریلی میں حصہ لینے والے شرکا ¿ اور فاتحین میں توصیفی اَسناد تقسیم کئے ۔اِس میں فاتحین بھی شامل تھے جنہیں مصوری کے مقابلے میں بہترین کارکردگی پر مبارک باد دی گئی۔