ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے آج مشن ڈائریکٹر راشٹریہ اچتر شکھشا ابھیان ( آر یو ایس اے ) کا چارج سنبھال لیا۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے چارج سنبھالنے کے فوراً بعد آر یو ایس اے کے اَفسران کے ساتھ ایک تعارفی میٹنگ منعقد کی اور اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ تن دہی ،پوری لگن اور محنت سے کام کریں تاکہ مشن مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔مشن ڈائریکٹر نے اَفسران سے کہا کہ آر یو ایس اے کے کلیدی مقاصد اعلیٰ تعلیم کی منصوبہ بند ترقی سے اعلیٰ تعلیم میں رسائی ، مساوات اور معیار کو بہتر بنانا ہے اور ان پر مناسب عمل در آمد پر توجہ دی جانی چاہیئے۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم ملک کی ترقی کے لئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور اِس مشن سے اعلیٰ تعلیمی نظام میں تبدیلی لانے والی اِصلاحات سے سہولیتی اِدارہ جاتی ڈھانچہ پیدا کیا جاسکتا ہے اور اس سے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تحقیق اور اختراع کو فروغ دینے کا ماحول پیدا کرنے میںمدد ملے گی۔اِس موقعہ پر آر یو ایس اے کے اَفسران نے مشن ڈائریکٹر کو مشن کے مختلف اجزا¿ کے بارے میں آگاہ کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ آر یو ایس اے قابل روزگار اور مسابقتی گریجویٹوں ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی پیدا کرنے کے لئے تدریسی سیکھنے کے عمل کے معیار کو بہتر بنانے پر زیادہ زور دیتا ہے۔