نئی دہلی(یو این آئی) سپریم کورٹ نے قومی راجدھانی خطہ میں فضائی آلودگی کے معاملے میں مرکز اور دہلی حکومت کو ایک بار پھر پھٹکار لگاتے ہوئے انہیں مسئلے کا مستقل حل نکالنے کی ہدایت دی ہے ۔ سپریم کورٹ نے قومی راجدھانی خطہ دہلی میں آلودگی کم کرنے کے مد نظر لگائی گئی پابندیاں اگلے دو دنوں تک جاری رکھنے کا حکم حکومت دہلی کو دیا ہے ۔ دہلی حکومت نے عدالت کو بتایا ہے کہ ورک فرام ہوم کی سہولت آئندہ دو دنوں تک بڑھادی گئی ہے ۔ چیف جسٹس این وی رمنا، جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس سوریہ کانت کی عدالت عظمیٰ کی بینچ اسکولی طالب علم آدتیہ دوبے کے مفاد عامہ کی عرضی پر بدھ کو سماعت کی۔ اس معاملے میں اگلی سماعت پیر کو ہوگی۔ عدالتی حکامات کی تعمیل سے متعلق رپورٹ آج ریاستی حکومتوں کی جانب سے پیش کی گئی۔ لیکن مرکزی حکومت نے رپورٹ داخل نہیں کی۔ مرکزی حکومت نے کہا کہ وہ ریاستی حکومتوں سے آلودگی کی صورت حال اور اس سے نمٹنے کی تدابیر کی معلومات حاصل کرنے کے بعد بینچ کے سامنے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ سماعت کے دوران مرکز اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے آلودگی کم کرنے کے لیے کیے گئے فوری اقدامات کی جانکاری دیتے ہوئے کہا گیا کہ آلودگی پہلے کی بہ نسبت کم ہوئی ہے اور آنے والے وقت میں اس کے اور بھی کم ہونے کے امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ ان کی اس دلیل پر بینچ نے کہا کہ اس سے ہوا کے سبب آلودگی کی سطح کم ہوسکتی ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ہم اس مسئلہ کا مستقل حل چاہتے ہیں۔ بینچ نے دہلی کے علاوہ پنجاب، ہریانہ، اترپردیش کی حکومتوں سے کہا کہ صرف سڑکوں کی صفائی، دھول کم کرنے کے لیے پانی کا چھڑکا¶ اور اینٹی اسموک گن جیسے عارضی اقدامات سے آلودگی کے مسئلہ پر قابو پایا نہیں جاسکتا۔ اس کے لیے سائنسی تجزیہ اور پیشین گوئی کی بنیاد پر وقت رہتے آلودگی کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے ۔