مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری زرعی پیداوار و بہبود کساناں پی کے سوین نے آج ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ ، آرگنِک فارمنگ کلسٹر یوٹیکو ( دھوبی وَن ٹنگمرگ)اور سب ڈویژن کے دیگر ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔کسانوں کے متعدد وفود نے ایڈیشنل سیکرٹری سے ملاقات کی اور اُنہیں اَپنے مطالبات گوش گزار کئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے کسانوں کے مختلف وفود کی طر ف سے اُٹھائے گئے مطالبات کا جائزہ لیا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ اُن کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
ایڈیشنل سیکرٹری موصوف نے کسانوں اور زرعی انٹرپروینیوروں کے ایک اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت جموںو کشمیر میں زرعی شعبے کو فروغ دینے کے لئے پُر عزم ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ گلوبل کلائمٹ چینج کے دوران محدود وسائل کو مناسب طریقے سے اِستعمال کیا جانا چاہیئے۔اُنہوں نے کہا کہ صوبہ کشمیر میں متعارف کرائے گئے نامیاتی طریقہ کاشت کو تسلیم کیا جانا چاہیئے اور اس میں بہت زیادہ صلاحیت موجودہے اور یہ جموں و کشمیر کی کاشتکار برادری کی سماجی، اقتصادی تبدیلی کی راہ پر گامزن ہوسکتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت مارکیٹ کی ترقی کے ماڈل پر کام کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان معاشی منافع حاصل کرسکے۔ایڈیشنل سیکرٹر ی موصوف نے نوجوانوں اور خواتین کو بااِختیار بنانے کی اہمیت کا اعادہ کیا اور اُنہوں نے کہا کہ زرعی شعبے اور اِس سے منسلک وِنگوں میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت ملک میں زرعی شعبے کی خوشحالی اور ترقی کا باعث بنے گی۔ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال جو دورہ پر آئے ہوئے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری کے ہمراہ تھے، نے مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں اور فلیگ شپ پروگراموں کا تفصیلی جائزہ پیش کیاجو صوبہ کشمیر میں محکمہ کی طرف سے عملائے جارہے ہیں۔اُنہوں نے انہیں مختلف حصولیابیوں اور زیر تکمیل پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی۔ناظم زراعت نے ایڈیشنل سیکرٹری کوصوبہ کشمیر کے مختلف ایگرو کلائمیٹک زونوں اور اہم زرعی فصلوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔چیف ایگریکلچر بارہمولہ یودویندر سنگھ اور ضلع کے دیگر سینئر اَفسرا ن نے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری کا والہانہ اِستقبال کیا۔دورے کے دوران مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری موصوف نے اِنڈیا اِنٹرنیشنل کشمیر زعفران ٹریڈ سینٹر دو سو پانپور کا بھی دورہ کیااور اُنہوں نے وہاں زعفران کے کاشت کاروں کو فراہم کی جانے والی مختلف شعبوں اور سہولیات کا معائینہ کیا۔